چلی میں قائم ویرا روبن آبزرویٹری کے سائنسدانوں نے پلوٹو کے مدار سے بھی آگے نظامِ شمسی میں ایک نئے بونے سیارے کے امیدوار کی نشاندہی کی ہے، جسے عارضی طور پر ’2026 ED138‘ کا نام دیا گیا ہے۔
فلکیاتی ماہر میتھیو ہولمین نے روبن دوربین کے ابتدائی ڈیٹا میں اس برفیلے جسم کو دریافت کیا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق اس کا قطر 600 سے 1500 کلومیٹر کے درمیان ہے، جو اسے تقریباً 20 سال میں دریافت ہونے والا سب سے بڑا ٹرانس نیپچونین آبجیکٹ بناتا ہے۔
یہ جسم اس وقت سورج سے تقریباً 46 فلکیاتی اکائیوں کے فاصلے پر ہے، جبکہ پلوٹو کا اوسط فاصلہ 40 فلکیاتی اکائیاں ہے۔ اس کا سورج کے گرد ایک چکر تقریباً 281 سال میں مکمل ہوتا ہے۔
اگر تصدیق ہو گئی تو ED138 بین الاقوامی فلکیاتی یونین کی فہرست میں پلوٹو، سیریز، ایرِس، ہاؤمیا اور میک میک کے ساتھ چھٹا بونہ سیارہ بن جائے گا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ 10 سالہ سروے کے دوران ایسے مزید اجسام دریافت ہونے کی توقع ہے۔


No comments:
Post a Comment