پاکستان میں اینٹی بایوٹک ادویات کے غلط استعمال اور اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کے باعث ہر سال دو لاکھ سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ یہ انکشاف قومی ادارہ صحت اور عالمی ادارہ صحت نے عالمی اینٹی مائیکروبیل مزاحمت آگاہی ہفتے کے موقع پر کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ان اموات میں سے تقریباً چالیس ہزار اموات براہ راست مزاحمت کی وجہ سے ہوتی ہیں جبکہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد اموات اس سے منسلک ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو 2050 تک ہر سال تریسٹھ ہزار براہ راست اور دو لاکھ باسٹھ ہزار منسلک اموات ہو سکتی ہیں۔
اس سال آگاہی ہفتے کا موضوع "ایک صحت، ایک عمل: ابھی اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کو روکیں" ہے۔ اس موقع پر واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس کا پیغام تھا کہ اگر آج اینٹی بایوٹک کا غلط استعمال کیا گیا تو کل یہ ادویات ہماری حفاظت نہیں کر سکیں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر اینٹی بایوٹک کا استعمال نہ کریں، کورس مکمل کریں اور جانوروں اور ماحول میں بھی ان ادویات کے بے جا استعمال سے گریز کریں۔


No comments:
Post a Comment