سنگاپور: امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم ہونے کی امید پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کے بعد ایشیائی حصص بازاروں میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔
برینٹ خام تیل پیر کے روز تقریباً چھ فیصد گر کر 92 ڈالر 57 سینٹ فی بیرل پر آ گیا، جبکہ منگل کو یہ مزید کم ہو کر 91 ڈالر 56 سینٹ کے قریب رہا۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی بھی چار فیصد سے زائد گر کر 86 ڈالر 85 سینٹ فی بیرل پر بند ہوا۔
تیل سستا ہونے سے مہنگائی کے خدشات کم ہوئے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔ جنوبی کوریا کی منڈی کوسپی میں پانچ فیصد سے زائد جبکہ جاپان کے نکی میں تقریباً تین فیصد اضافہ ہوا۔ ایشیا پیسیفک خطے کی مجموعی منڈی بھی ڈیڑھ فیصد اوپر گئی۔
امریکی منڈیوں میں بھی پیر کو زبردست تیزی رہی۔ ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 2.35 فیصد اضافہ ہوا، جو اپریل کے بعد اس کی بہترین ایک روزہ کارکردگی ہے، جبکہ نیسڈیک 2.7 فیصد اوپر بند ہوا۔ اب سرمایہ کاروں کی نظریں آج جاری ہونے والے امریکی مہنگائی کے اعداد و شمار پر ہیں، جو آئندہ شرح سود کے فیصلے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔


No comments:
Post a Comment