اسلام آباد: ملک بھر میں آج ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی 149ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے افکار کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر زرداری نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اقبال کی شاعری سے تنقیدی سوچ، خودی اور جستجو کا سبق سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا تصورِ خودی، مساوات اور محنت کی عزت پر مبنی معاشرے کی تشکیل آج بھی پاکستان کے مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقبال کی فکری وراثت کو فروغ دینے کے لیے سال بھر جاری رہنے والی قومی اور بین الاقوامی تقریبات کے آغاز کا اعلان کیا۔ یہ تقریبات 8 نومبر سے شروع ہو کر اگلے سال 9 نومبر تک جاری رہیں گی اور ان میں بین الاقوامی کانفرنسیں اور ادبی و علمی نشستیں شامل ہوں گی۔
ملک بھر میں آج سیمینار، تقریبات اور خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے جن میں اقبال کی شاعری، فلسفے اور قومی خدمات پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔


No comments:
Post a Comment