امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن کو مصنوعی ذہانت پر ایک نئی وفاقی ٹاسک فورس کی سربراہی سونپ دی ہے۔ ٹرمپ اس گروپ کو "سپر انٹیلی جنس فورس" کہہ رہے ہیں کیونکہ انہوں نے اے آئی کو "سپر انٹیلی جنس" کا نیا نام دینے کی کوشش کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ اعلان اس وقت ہوا ہے جب ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں اے آئی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی تھی۔ ٹرمپ کے مطابق ان کمپنیوں نے ایک رضاکارانہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت وہ اس ٹیکنالوجی کی ترقی کی خود نگرانی کریں گی۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ ٹاسک فورس وفاقی کوششوں کو مربوط کرے گی "تاکہ امریکہ سپر انٹیلی جنس میں دنیا کی قیادت جاری رکھے، جو کئی ماہرین کے بقول صنعتی انقلاب اور انٹرنیٹ سے بھی بڑی چیز ہے"۔
ٹاسک فورس میں فیڈرل ٹریڈ کمیشن کے چیئرمین اینڈریو فرگوسن، پینٹاگون کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر ایمیل مائیکل اور آفس آف پرسنل مینجمنٹ کے ڈائریکٹر اسکاٹ کوپور بھی شامل ہیں۔ یہ گروپ براہ راست صدر اور ان کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز کو رپورٹ کرے گا اور صارفین، عوامی مفاد کی تنظیموں، مذہبی اداروں، بنیادی ڈھانچے کے فراہم کنندگان اور اے آئی کمپنیوں سے رابطہ رکھے گا۔


No comments:
Post a Comment